Wednesday, May 8, 2024

احتساب عدالت کے جج محمدبشیر کی فلیگ شپ اور العزیزیہ ملز ریفرنس سننے سے معذرت

احتساب عدالت کے جج محمدبشیر کی فلیگ شپ اور العزیزیہ ملز ریفرنس سننے سے معذرت
July 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نوازشریف  کیخلاف ریفرنسز میں نیا موڑ آگیا ، ذرائع  کے مطابق  احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے فلیگ شپ اور العزیزیہ ملز ریفرنس سننے سے معذرت کر لی  ،جج محمد بشیر کا خط اسلام آباد ہائیکورٹ کو موصول ہوگیا۔ جج محمد بشیر نے خط میں لکھا ہے کہ وہ  ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کرچکے ہیں ،العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت نہیں کرسکتے،العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقل کر دیں۔ جج محمد بشیر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط میں لکھا ہے کہ نواز شریف کے وکیل نے بھی ان  پر اعتراض کیاہے اگر چاہیں تو ان کا تبادلہ کر دیں ۔ احتساب عدالت نے نوازشریف کو ایون فیلڈ کیس میں  دس سال قید کی سزا اور جرمانہ عائد کیا تھا،ریفرنس میں مریم نواز کو سات برس قید اور جرمانہ جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ  صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی  گئی تھی ۔ مجرم ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا بھگت رہے ہیں جبکہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس ابھی زیر سماعت ہیں۔