Friday, April 19, 2024

احتساب عدالت کی خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع

احتساب عدالت کی خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع
December 12, 2019
سکھر (92 نیوز) سکھر کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کردی۔ سکھر احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی رہنماء خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 دن کی توسیع کردی۔ سماعت کے دوران خورشید شاہ کے وکیل نے کہا خورشید شاہ کو نیب حراست میں 87 روز ہوگئے۔ نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ خورشید شاہ کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے چیئرمین نیب نے 10 دسمبر کو خط لکھا ہے۔ جج نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کیا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری کو 90 پورے ہو رہے ہیں۔ اب تک ریفرنس پیش نہیں کیا گیا۔ 17 دسمبر کو ریفرنس ہر صورت پیش کیا جائے۔ احتساب عدالت کے جج نے خورشید شاہ سے ان کے علاج کے بارے میں بھی پوچھا جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ میرا علاج ٹھیک چل رہا ہے۔ جیالے رہنماء نے صحافی کے جے آئی ٹی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا جے آئی ٹی بنانا ان کا حق ہے، وہ جے آئی ٹی بنا سکتے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت ہوگئی، آپ کب ضمانت لے رہے ہیں؟ جس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ اچھی بات ہے، ضمانت کے بارے میں دیکھا جائے گا۔