Monday, May 6, 2024

احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کے ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتے کی مہلت

احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کے ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتے کی مہلت
August 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کے ٹرائل مکمل کرنے کیلئے مذید 6 ہفتےکی مہلت دے دی۔ احتساب عدالت کو ہفتہ وار پیش رفت رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی درخواست پر سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دئیے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چینلج کر دیا، ایک ہی وقت میں احتساب عدالت اور ہائی کورٹ میں پیش ہونا مشکل ہو گا۔ 15 دسمبر تک مہلت دینے کی استدعا بھی کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 15 دسمبر تک کا وقت بہت زیادہ ہے، اتنا وقت نہیں دیا جا سکتا، عدالت کو مناسب وقت دے سکتے ہیں، عدالت کی کارروائی کو ریگولیٹ کرنا ہمارا کام نہیں، ہائی کورٹ میں زیر التوا اپیل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس اور خواجہ حارث کے درمیان دلچسب مکالمہ بھی ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا گزشتہ سماعت پر اپ کو ہفتے کے روز بھی دلائل دینے کی تجویز دی تو اپ برا مان گئے، آپ بطور احتجاج وکالت سے دستبردار ہوگئے جس پر خواجہ حارث نے کہا میں تو خود ہفتے کے روز کام کرتا ہوں۔