Saturday, April 27, 2024

احتساب عدالت کا نوازشریف کے ٹرائل میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ

احتساب عدالت کا نوازشریف کے ٹرائل میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ
November 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نیب ریفرنسز میں ملزم نوازشریف کا بیان آج بھی قلمبند نہ ہو سکا۔ احتساب عدالت نے ٹرائل کی مدت میں مزید توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی۔ نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہوئی تو جج ارشد ملک نے ریمارکس دئیے نواز شریف کا بیان آج ہی قلم بند کر لیتے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کل سے نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی استدعا کی اور کہا  سوالات پیچیدہ ہیں لیکن ہمیں اس پر اعتراض نہیں۔ بیان کے لیے تمام ریکارڈ دیکھنا پڑ رہا ہے۔ جج نے خواجہ حارث کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے نواز شریف کا جتنا بیان ہو سکتا ہے کل کرا دیں۔ ٹرائل مکمل کرنے کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈلائن میں سماعت ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مزید کہا ٹرائل کی مدت میں مزید توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھنا ہے۔ خط کے ساتھ کیس میں پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے۔ نوازشریف کے بیان کا حصہ بھی خط کے ساتھ منسلک کر دیں گے۔ اس کے بعد ریفرنسز پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔