Thursday, April 25, 2024

احتساب عدالت کا نواز شریف کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم

احتساب عدالت کا نواز شریف کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم
December 24, 2020

لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے نواز شریف کی جائیدادوں کو قرق کرنے کا حکم دیدیا۔ جج اسد علی نے غیرقانونی پلاٹس کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

نواز شریف کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، عدالت نے نواز شریف کی جائیدادوں کو قرق کرکے ڈی جی نیب لاہور کو رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا، تحریری فصلے کے مطابق نواز شریف کی جائیدادوں کا ریکارڈ ریوینیو بورڈ سے لیکر تفتیشی افسر نے عدالت میں جمع کروایا۔

تحریری فیصلہ کے مطابق تفتیشی افسر جائیدادوں کو قرق کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائے۔ عدالت نے نواز شریف کے پیش نہ ہونے پر جائیدادوں کو قرق کرنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم جاری کیا گیا تھا، تحریری حکم کے مطابق نواز شریف بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

حکم نامے کے مطابق اشتہارات آویزاں کرنے کے 30 دن بعد بھی نواز شریف پیش نہیں ہوئے، اشتہاری قرار دینے کے علاوہ عدالت کے پاس کوئی اور راستہ موجود نہیں تھا، نوازشریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔