Saturday, May 18, 2024

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کا چودہ دن کا ریمانڈ دیدیا‘ طبی معائنے کا حکم

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کا چودہ دن کا ریمانڈ دیدیا‘ طبی معائنے کا حکم
January 5, 2016
کراچی (92نیوز) احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ماہر نفسیات سے طبی معائنہ کرانے کا حکم بھی دےدیا۔ تفصیلات کے مطابق زمینوں پرقبضہ‘ ٹرسٹ اسپتال کو کمرشل بنیادوں پر چلانے اور منی لانڈرنگ کے الزام میں ڈاکٹر عاصم کو ایک بار پھر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے میڈیکل اور تفتیش میں پیشرفت کی رپورٹ پیش کر دی جس میں بتایا گیا کہ ضیاالدین اسپتال میں سرکاری اداروں کے ملازمین کا علاج کیا جاتا رہا لیکن ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر عاصم کے اکاونٹس تک رسائی کیلئے متعلقہ بینک مینجرز کو خطوط لکھے ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق منی لانڈرنگ معاملات میں نامزد ملزموں کو بھی گرفتار کرنا ہے، مزید ریمانڈ دیا جائے۔ ڈاکٹرعاصم کے وکلاءنے دلائل دیے کہ جے آئی ٹی میں تو نیب شامل ہی نہیں تھا۔ مخبری کی بنیاد پر ڈاکٹر عاصم پر الزامات لگائے گئے۔ گرفتاری سے لے کر اب تک انسانی بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ اسپتال کیلئے زمین صرف ڈاکٹر عاصم نے ہی نہیں دیگر ٹرسٹ اداروں نے بھی حاصل کی۔ کیا ڈاکٹرعاصم پورےپ اکستان میں ایک ہی شخص ہیں جنہوں نے کرپشن کی۔ نیب کے اسپیشل پبلک پراسکیوٹر نے دلائل دیے کہ کرپشن معاملات میں زیادہ تر تحقیقات ہو چکیں صرف بیس فیصد تفتیش باقی ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی دباو کا شکار ہیں‘ دباو برقرار رہا تو انہیں نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو سائیکو تھراپی‘ سیروتفریح اور جسمانی ورزش کی ضرورت ہے۔ عدالت نے وکلاءکے دلائل اور میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے کر ڈاکٹر عاصم کا چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرانے کا حکم بھی دےدیا۔