Friday, March 29, 2024

توشہ خانہ کیس، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری،نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی تیاری

توشہ خانہ کیس، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری،نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی تیاری
June 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد  کر دی گئی ، احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ، جج نے ریمارکس دیے کریمنل کیس ہے سابق صدر کو پیش تو ہونا پڑے گا، عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کر دی۔قرار دیا نوازشریف دانستہ عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

توشہ خانہ ریفرنس میں  احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اصغر علی نے سماعت کی ، دوران سماعت نیب پراسیکیوٹرنے نوازشریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ پیش کی ، جج نے کہا کہ نوازشریف کی عدم پیشی پراشتہارجاری کررہے ہیں ، آصف علی زرداری کے وارنٹ بھی جاری کردیتے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دن ہیں اوران کے موکل کی عمر زیادہ ہے ، جس پر جج کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو کورونا ہے تو نہیں جو رپورٹ پیش کی ہے وہ غیرمطمئن کن ہے۔

نیب پراسیکیوٹرنے استدعا کی کہ آصف علی زرداری سے رعایت نہ کی جائے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں ، یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

عدالت نے سابق صدرکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے توفاروق ایچ نائیک نے کہا کہ وارنٹ جاری نہ کیے جائیں ، آصف علی زرداری پاکستان کے صدر رہے وہ کہیں نہیں بھاگ رہے، آئندہ سماعت پرپیش ہوجائیں گے۔

جج نے ریمارکس دیے آرڈر کردیا ، اب واپس نہیں ہوگا ، عدالت نے سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اس کیس میں بھی بری ہوں گے۔