Friday, April 19, 2024

احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ مشکوک قرار

احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ مشکوک قرار
March 3, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی پیشی پر ہنگامہ آرائی کے معاملے کو احتساب عدالت نے مشکوک قرار دےدیا۔ گزشتہ روز احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے وکلاءاور کارکنوں کے حملے کے معاملے پر احتساب عدالت نے شکوک و شبہات تحفظات اور خدشات کا اظہار کر دیا۔عدالت نے واقعے پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت نے فیصلے میں ہنگامہ آرائی کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے ۔ عدالت کی جانب سے سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی کا مقصد عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونا یا اسے متاثر کرنا ہوسکتا ہے۔ جب ہنگامہ ہورہا تھا تب مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر پر فرد جرم عائد کی جانا تھی ۔ آئی جی سے معاملے کی مکمل چھان بین کرکے عدالت کو کارروائی سے آگاہ کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔وقوعے کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئیں جب کہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کرلئے گئے ہیں ۔