Monday, May 6, 2024

احتساب عدالت میں پیشی کے دوران حمزہ کی گپ شپ ، عدالت برہم ‏

احتساب عدالت میں پیشی کے دوران حمزہ کی گپ شپ ، عدالت برہم ‏
November 12, 2019

لاہور ( 92 نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، لوگوں کی حمزہ کے ساتھ گپ شپ پر عدالت برہم ہو گئی اور ریمارکس دئیے یہ آپ کا ایوان نہیں ہے کٹہرے میں آ کر کھڑے ہوں، آپ پریس کانفرنس کرنے نہیں آئے۔

رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے حمزہ شہباز شریف کا ضمنی ریفرنس عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

دوران سماعت حمزہ شہباز کو بار بار کٹہرے پر بلانے اورلوگوں کی گپ شپ پر عدالت برہم ہو گئی،اور ریمارکس دئیے آپ کٹہرے میں آکر کھڑے ہوں یہ آپ کا ایوان نہیں،آپ عدالت کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے عدالت کے رو برو مؤقف اختیار کیا،کیا میں ان لوگوں کو ساتھ لے کر آیا ہوں؟،  عدالت نے ریمارکس دئیے عدالت کے ماحول کو ملحوظ خاطر رکھیں آپ نے ملنا ہے تو باہر جا کر ملیں۔

فاضل جج نے کہاحمزہ شہباز کٹہرے میں آئیں آپ یہاں کوئی پریس کانفرنس کرنے کے لئے نہیں آئے،حمزہ شہباز نے مؤقف اختیار کیا میں عدالتوں کا احترام کرتا ہوں،عدالت نے کیس کی مزید سماعت اٹھائیس نومبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرہنما مسلم لیگ ن رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ ،جھوٹے لوگوں کوپاکستان پر مسلط کردیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔