Saturday, May 11, 2024

احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس پر نیب کے گواہ کا بیان مکمل

احتساب عدالت میں  ایل این جی ریفرنس پر نیب کے گواہ کا بیان مکمل
December 15, 2020

اسلام آباد (92 نیوز)احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس پر نیب کے گواہ کا بیان مکمل ہو گیا، 13 جولائی 2013 کو عمران الحق کی جانب سے شاہد خاقان کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کیا گیا ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ڈھائی سال ہو گئے ابھی تک سمجھ نہیں آئی کیس کیا ہے؟ ۔ پاکستان کا ڈی جی آئل ڈنگر ڈاکٹر لگا ہوا تھا۔

شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس  کی سماعت جج اعظم خان نے کی ، نیب کے  پہلے گواہ  پٹرولیم ڈویژن کے محمد حسن کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ آئندہ سماعت کے دوران  گواہ پر جرح ہوگی۔

گواہ نے  سابق  ایم ڈی پی سی او  عمران الحق ،امریکی این جی او اور کنسلٹنٹ کے ساتھ خط و کتابت کے ریکارڈ  سمیت ایل این جی درآمد کرنے کا فیصلہ کرنے والی میٹنگ میں موجود ارکان کی فہرست  عدالت میں پیش کر دی۔عدالت نے کیس کی سماعت 22دسمبر تک ملتوی کر دی۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈھائی سال ہو گئے ابھی تک سمجھ نہیں آئی کیس کیا ہے۔

لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بروقت ایل این جی کا آرڈر نہ کرنے کی وجہ سے 122 ارب کا نقصان ہو چکا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاکستان کا ڈی جی آئل ایک ڈنگر ڈاکٹر لگا ہوا تھا ۔ وزیراعظم انکوائریاں کروا رہے ہیں تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی بھی کریں ۔