Friday, April 26, 2024

احتساب عدالت ، العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت کل تک ملتوی

احتساب عدالت ، العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت کل تک ملتوی
October 4, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی میں گرما گرمی ہوگئی ، اکرم قریشی نے ملزم پر ملک لوٹنے کا الزام عائد کیا تو خواجہ حارث نے اسے فیصلے سے پہلے فیصلہ قرار دے دیا ۔ نواز شریف احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے ،  وکیل صفائی خواجہ حارث کی تفتیشی افسرمحبوب عالم جرح آج بھی مکمل نہ ہوسکی۔ دوران جرح خواجہ حارث نے کہا کل آپ لوگوں نے ایف آئی اے اور نیب کو لکھے گئے خط سے متعلق جھوٹ بولا، جس پر اکرم قریشی نے کہا آپ کے موکل جھوٹے ہیں، پورا ملک لوٹ کر کھا گئے اور کہتے ہیں معصوم ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا آپ یہاں سیاست کر رہے ہیں، آپ فیصلے سے پہلے فیصلہ سناتے ہوئے ہمیں جھوٹا اور چورکہہ رہے ہیں، آپکے خلاف درخواست دائر کروں گا۔ خواجہ حارث کی استدعا پر عدالت نے تفتیشی افسر کو نیب اور ایف آئی اے کولکھے گئے یاددہانی خطوط پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی ۔