Monday, September 16, 2024

احتساب عدالت ، جائیداد ضبطگی کیخلاف اسحاق ڈار کی درخواست مسترد

احتساب عدالت ، جائیداد ضبطگی کیخلاف اسحاق ڈار کی درخواست مسترد
February 14, 2018

احتساب عدالت ، جائیداد ضبطگی کیخلاف اسحاق ڈار کی درخواست مسترد

اسلام آباد ( 92 نیوز ) احتساب عدالت نے جائیداد ضبطگی کے خلاف اسحاق ڈار کی درخواست مسترد کردی  ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نےمحفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی ۔

احتساب عدالت نے 7 فروری کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کے چیئرمین نیب کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔اسحاق ڈار نے فیصلے کو چیلنج کیا تھا ۔ جس پر عدالت نے آج محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔

نیب نے اسحاق ڈار کےخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ استغاثہ نے تحقیقات میں ملزم کے خلاف مزید شواہد حاصل کر لئے ہیں۔

 عدالت میں جمع کرائی گئی عبوری تحقیقاتی رپورٹ میں بھی شواہد کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔ضمنی ریفرنس کو حالیہ ہفتے حتمی شکل دیدی جائیگی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کی فراہمی کی یقینی بنانے کےلئے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی جائے ، ایسا نہ کیا گیا تو اب تک کے حاصل کردہ شواہد ضائع ہو جائیں گے۔

دوران سماعت نیب حکام کی جانب سے کہا گیا کہ ضمنی ریفرنس پر گواہان کے بیانات کے ساتھ ہی تفتیشی افسر نادر عباس کا بیان بھی ریکارڈ کرا دیا جائے گا۔

عدالت نے نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 23 فروری تک ملتوی کر دی۔