Sunday, May 19, 2024

احتساب حکومت نہیں ادارے کرتے ہیں،میری سنی ہوتی تو ن لیگ حکومت میں ہوتی،چودھری نثار

احتساب حکومت نہیں ادارے کرتے ہیں،میری سنی ہوتی تو ن لیگ حکومت میں ہوتی،چودھری نثار
December 29, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب پر ساری قوم متفق ہے ، مگر اسے انتقام نہیں ہونا چاہئے ، احتساب  حکومت نہیں ادارے کرتے ہیں ۔ نواز شریف کے سابق ساتھی کا کہنا تھا کہ اگر میرا مشورہ مانا جاتا تو آج مسلم لیگ ن حکومت میں ہوتی ۔ جمہوری نظام میں جمہوریت انتہائی اہم ہے، حکومت کو پہل کر کے احتساب کے طریقہ کار پر تحفظات دور کرنے چاہیے، اپوزیشن کے تحفظات صرف حکومت ہی دور کرسکتی ہے، ،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس بحران سے نکالے اور  اپوزیشن کو سپیس دے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مجھے قرض سے متعلق خدشات ہیں، سعودی عرب یا یو اے ای سے امداد وقتی ہے،پہلے ہم غیروں کے قرضوں میں جکڑے تھے ،اب کہیں ہم دوستوں کے قرض میں نہ جھکڑے جائیں، اتنے ہی پاؤں پھیلائے جائیں جتنی چادر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  کرتار پور راہداری کھولنے کے بعد مذاکرات کیلئے بھارت کی منت سماجی کی جارہی ہے، ہمیں قائل ہو جانا چاہیے کہ  مودی حکومت پاکستان سے اچھے تعلقات نہیں چاہتی، مودی کا ایجنڈا پاکستان اور اسلام دشمنی ہے، بار بار بھارت سے مذاکرات کی بات کرنا پاکستان کے مفاد میں نہیں۔