Friday, May 3, 2024

احتساب بیورو خیبرپختونخوا کے حکام کیخلاف مقدمہ درج، کاپی نائنٹی ٹو نیوز کو موصول

احتساب بیورو خیبرپختونخوا کے حکام کیخلاف مقدمہ درج، کاپی نائنٹی ٹو نیوز کو موصول
May 17, 2016
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) کرپٹ عناصر کو قانون کے شکنجے میں جکڑ کر مقدمات دائر کرنے والے احتساب بیورو خیبرپختونخوا کے حکام کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو گیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر درج ایف آئی آر کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کرلی۔ نیب افسران پر رشوت لینے کے الزام میں گرفتار اپنے ہی نائب قاصد پر تشدد کا الزام ہے۔ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے والے نیب افسران کو بھی مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ نیب کے نائب قاصد گل خطاب کی بیٹی نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی کہ اس کے والد کو نیب افسران نے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا اور پھر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہائیکورٹ نے میڈیکل رپورٹ کے بعد پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ تھانہ حیات آباد میں ڈی جی نیب اور انوسٹی گیشن افسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کر لی۔ ایف آئی آر گرفتار نائب قاصد گل خطاب کی بیٹی صائقہ گل خطاب کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ گل خطاب کو 30 اپریل کو گرفتار کر کے ڈی جی نیب کے حکم پر انویسٹی گیشن افسر نے تشدد کیا۔