Friday, April 26, 2024

اساتذہ کا سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان

اساتذہ کا سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان
March 29, 2019

 کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت اور احتجاجی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ وزیر تعلیم سندھ اور اساتذہ کے درمیان مذاکرات 3 گھنٹے تک جاری رہے۔ سید سردار شاہ دھرنا ختم کرانے کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر پہنچے۔ مطالبات کی منظوری پر اساتذہ نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

 سندھ میں امتحانات سے قبل سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے حکومت کو بڑے امتحان میں ڈال دیا تھا۔ احتجاج کرنے والے ٹیچرز نے تدریسی عمل کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

 کراچی میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ مطالبات منوانے نکلے تو حکومت کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کا رخ کرنے پر سندھ پولیس نے لاٹھیاں برسا دیں تھیں ، آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، کئی کے سر پھٹ گئے، کئی زخمی ہو گئے تھے ۔ متعدد گرفتاریاں بھی دیکھنے میں آئیں تھیں۔

 پولیس کی جانب سے کئے جانے والے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کراچی حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر کے اساتذہ نے تدریسی عمل کا مکمل بائیکاٹ کر دیا تھا۔

 اساتذہ نے پرموشن سمیت آٹھ مطالبات سامنے رکھے تھے۔ ایک طرف اساتذہ نے مطالبات پورنے نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا تو دوسری طرف احتجاج کے پیش نظر سندھ کے طلبہ پڑھائی سے محروم ہو کر رہ گئے تھے۔