Monday, September 16, 2024

احتجاج کا ساتواں روز‘ اسلام آباد اور لاہور میں فلائٹ آپریشن جزوی بحال

احتجاج کا ساتواں روز‘ اسلام آباد اور لاہور میں فلائٹ آپریشن جزوی بحال
February 8, 2016
اسلام آباد / لاہور (92نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازموں کی ہڑتال کا آج ساتواں روز ہے۔ قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن اسلام آباد اور لاہور میں جزوی طور پر بحال جبکہ کراچی‘ ملتان اور پشاورمیں بدستور معطل ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ائیر پورٹ کی رونقیں آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہیں۔ فلائٹ آپریشن جزوی طور پر شروع ہوا جس کے ساتھ ہی مسافروں کی مشکلات میں بھی قدرے کمی آئی ہے۔ اکتیس سے زائد پروازیں شیڈول کے مطابق اپنی اڑان بھر رہی ہیں تاہم ان میں سے کئی پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہے۔ جدہ سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 دس بجکر بیس منٹ کی بجائے ایک بجے لاہورپہنچے گی۔ پی کے 742 بارہ بجے کی بجائے ایک بجے آئے گی۔ کوالالمپور جانےوالی پی کے 898 منسوخ کر دی گئی جبکہ مدینہ سے آنےوالی پی کے 748 بھی پونے دوگھنٹے لیٹ ہے۔ کراچی جانےوالی پی کے 303 دوگھنٹے دیر سے روانہ ہو گی جبکہ پی کے 303 گیارہ بجے کی بجائے اب ایک بجے کراچی کیلئے اڑان بھرے گی۔ ادھرہڑتالی ملازمین میں سے زیادہ تر ڈیوٹیوں پر پہنچ گئے ہیں تاہم ابھی متعدد تذبذب کا شکار ہیں۔ پائلٹس کے ہڑتال ختم نہ کرنے پر پروازوں کی آمدورفت کیلئے فلائٹ آپریشن کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے اور ڈائریکٹر سطح کے افسر جہاز اڑا رہے ہیں جنہیں سول ایوی ایشن قوانین کے تحت ایک ایک دفعہ جہاز اڑانے کی اجازت دی گئی ہے۔ پولیس نے ابھی تک ائیرپورٹ کو حصار میں لے رکھا ہے اور واٹر کینن بھی موجود ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ ڈیوٹی پر آنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جس سے توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔ دوسری جانب ملتان میں پی آئی اے ملازمین کی نجکاری کے خلاف ہڑتال جاری ہے اور فلائٹ آپریشن معطل ہے۔ ملتان ایئرپورٹ پر سات روز کے دوران قومی ایئرلائن کی مجموعی طور پر 32 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ پشاور میں بھی باچا خان ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن بدستور معطل ہے۔ آج پیر کے روز پی آئی اے کی3 انٹرنیشنل اور 3 ڈومیسٹک پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں تاہم نجی ائر لائنز کا فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔ باچا خان ایئرپورٹ پرقومی ائر لائنز کی آج 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرپورٹ انکوائری آفس ذرائع کا کہنا ہے کی نجی ایئرلائنز کا فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔ کوئٹہ میں بھی پی آئی اے کی نجکاری اور کراچی سانحے کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔ بکنگ آفس سمیت تمام دفاتر میں ملازمین ڈیوٹیوں پر حاضر تو ہوئے مگر دفتری امور کا مکمل بائیکاٹ رکھا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کی نجکاری سے نہ صرف ملازم بلکہ لاکھوں گھروں میں چولہے بجھ جائیں گے۔ حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ پی آئی اے کی ہڑتال کے باعث اسلام آباد سے کوئٹہ اور پھر کراچی جانے والی پی کے 363 اور کراچی سے کوئٹہ اور پھر اسلام اباد جانے والی پی کے 352 کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔