Thursday, May 9, 2024

احتجاج سب کا حق ،ریاست میں ریاست بنانے کی اجازت نہیں ، فردوس عاشق

احتجاج سب کا حق ،ریاست میں ریاست بنانے کی اجازت نہیں ، فردوس عاشق
October 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احتجاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے ، لیکن کسی کو ریاست میں ریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  کوئی شخص احتجاج کرتا ہے تو کیا اسے پرائیویٹ ملیشیا بنانے کی ضرورت پڑتی ہے؟،ڈنڈا اٹھانے اورعوام کی حفاظت کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے،ریاست میں ریاست بنانے کا اختیار کسی کو نہیں،کوئی بھی شخص اس عمل کی خلاف ورزی کرے گا اس کیخلاف ایکشن ہوگا۔ اسلا م آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو احتجاج کا حق حاصل ہے حکومت کسی کا حق نہیں چھین رہی، جے یو آئی کی ذیلی جماعت انصارالسلام پر پابندی کسی جماعت کے خلاف نہیں انتہا پسندی کی سوچ کے خلاف ہے۔ ملکی معیشت کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ تمام معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں ،  وزیر اعظم نے دو وزرا اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور تمام سٹیک ہولڈرز کو عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور آٹے، چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنےکی ہدایت کردی ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا کہ علماء وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کو دھرنے یا آزادی مارچ سے نہ جوڑا جائے ،  وزیر اعظم نے علما کو اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کو کہا ہے  اسلام کے ٹیکس نظام پر بھی ان سے  رائے طلب کی ہے۔