Friday, March 29, 2024

اجمل وزیر اشتہارات میں بے قاعدگیوں کے الزام پر عہدے سے فارغ

اجمل وزیر اشتہارات میں بے قاعدگیوں کے الزام پر عہدے سے فارغ
July 11, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں اشتہارات میں بے قاعدگیوں کے الزام میں مشیراطلاعات اجمل وزیر کوعہدے سے فارغ کردیا گیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش کو محکمہ اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اجمل وزیر کی اشتہارات میں بے قاعدگیوں کے حوالے سے آڈیو ٹیپ کی انکوائری کا بھی حکم دے دیا۔ خیبرپختونخوا میں بڑی سیاسی ہلچل، وزیراعلٰی محمود خان نے مشیراطلاعات اجمل وزیر کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا۔ اجمل وزیر کو اخبارات کے اشتہارات کی مد میں مبینہ بے قاعدگیوں کے الزام پر عہدے سے ہٹایا گیا۔ اجمل وزیر کی جگہ محکمہ اطلاعات کا اضافی قلمدان معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کو سونپ دیا گیا۔ مبینہ طور پر اجمل وزیر کی اخبارات کے اشتہارات میں کرپشن کے حوالے سے آڈیو ٹیپ سامنے آئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجمل وزیر کو برطرف کرنے کے بعد چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو مبینہ آڈیو ٹیپ کی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے اجمل وزیر کو جنوری 2019ء میں قبائلی اضلاع کے لئے وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا تھا۔ صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا قلمدان تبدیل ہونے پر محکمہ اطلاعات کا قلمدان اجمل وزیر کو سونپا گیا تھا۔