Saturday, May 4, 2024

اثاثے ظاہر نہ کرنے پر 336 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل

اثاثے ظاہر نہ کرنے پر 336 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل
October 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اثاثے کتنے ہیں؟ ارکان پارلیمنٹ جلدی سے بتانے کا نام نہیں لیتے۔ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات نہ بتانے پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ‘ وزیرمملکت عابد شیر علی سمیت سینیٹ‘ قومی و صوبائی اسمبلی کے 336 ارکان کی رکنیت معطل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ا رکان پارلیمنٹ ہوں یا صوبائی اسمبلیوں کے ممبران سب کے سب اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے میں ہمیشہ سے ہی ہچکچاہٹ سے کام لیتے ہیں۔ اس بار بھی مہلت ختم ہو گئی لیکن 336 ایسے ارکان ہیں جنہوں نے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ ان ارکان میں بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں خورشید شاہ‘ سینیٹر سعید غنی‘ فہمیدہ مرزا‘ اعظم سواتی‘ عابد شیر علی‘ سینیٹر نہال ہاشمی‘ سائرہ افضل تارڑ‘ خرم دستگیر‘ مائزہ حمید‘ طارق فضل چوہدری‘ شیخ رشید‘ خالد مقبول صدیقی‘ نسرین جلیل‘ بیرسٹر سیف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید سبھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے 67‘ سینیٹ کے 22‘ پنجاب اسمبلی کے 137‘ سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 49 ، 49 جبکہ بلوچستان کے 13 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر رکنیت بحال کر دی جائے گی۔