Friday, April 19, 2024

اثاثے ظاہر !!! شہباز شریف امیر ترین، قائم علی شاہ غریب ترین وزیراعلیٰ نکلے

اثاثے ظاہر !!! شہباز شریف امیر ترین، قائم علی شاہ غریب ترین وزیراعلیٰ نکلے
May 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے ارکان اسمبلی کے سال دو ہزار پندرہ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وزرائے اعلیٰ میں شہباز شریف سب سے امیر جبکہ قائم علی شاہ غریب ترین وزیر اعلیٰ نکلے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام ممبران صوبائی اسمبلیوں کے سال 2015ءکے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ گوشواروں کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف 52 کروڑ 55 لاکھ روپے اثاثوں کی ملکیت کے ساتھ امیر ترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے۔ شہباز شریف کے اثاثوں میں لندن میں 14 کروڑ روپے مالیت کے دو فلیٹس بھی شامل ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی اہلیہ نصرت شہباز کے پاس 27 کروڑ 72 روپے لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں جبکہ دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے پاس 91 لاکھ 70 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ وزرائے اعلی میں غریب ترین ثابت ہوئے ہیں جن کے پاس صرف 2 کروڑ 17 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک نے 27 کروڑ 53 لاکھ کے گوشوارے ظاہر کئے ہیں جبکہ وزیر اعلی بلوچستان ثناءاللہ زہری 11 کروڑ 15 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے پاس 21 کروڑ 55 لاکھ کے اثاثے ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کئے۔ مونس الہی 65 کروڑ 15 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کے پاس بیرون ملک کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی گئی۔ رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن 27 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ سابق وزیر اعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے 4 کروڑ 38 لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔