Monday, May 13, 2024

اثاثہ جات کیس میں نیب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام

اثاثہ جات کیس میں نیب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام
October 14, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) اثاثہ جات کیس میں نیب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے کرپشن کے ایک اور کیس میں آغا سراج درانی کی ضمانت منسوخ کر دی۔ آغا سراج پر ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیرات میں کرپشن کا الزام ہے۔

عدالت میں آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزم اور ان کا وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ جونیئروکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت ملتوی کر دی جائے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے کل ایک درخواست ضمانت مسترد کی آج یہ کیس کیسے ملتوی کر سکتے ہیں۔ ملزم آغا سراج درانی عدالت میں پیش نہیں ہوا، اس لیے درخواست ضمانت مسترد کر دیتے ہیں۔ کوئی قانونی ریلیف بنتا تو ہم ضرور دیتے۔

عدالت نے جونئر وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پر آغا سراج درانی کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی۔

دوسری جانب اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی گذشتہ روز سے منظرعام سے غائب ہیں۔ آغا سراج درانی کہاں جا چپے، نیب حکام پتہ نہ لگا سکے۔ نیب کی ٹیم پندرہ گھنٹوں تک ڈیفنس میں آغا سراج درانی کے گھر کے باہر کھڑی رہی۔ گھر والوں اور ملازمین نے گھر میں داخل نہیں ہونے دیا۔ نیب ٹیم خالی ہاتھ ہی واپس لوٹ گئی تھی۔