Friday, April 19, 2024

اثاثہ جات کیس میں عدم پیشی پر نیب نے شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا

اثاثہ جات کیس میں عدم پیشی پر نیب نے شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا
June 2, 2020
 لاہور (92 نیوز) اثاثہ جات کیس میں عدم پیشی پر نیب نے شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا نیب ٹیم کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچی۔ اہلکار دو گھنٹے تک موجود رہے۔ شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ پر نیب کی ریڈ سے پہلے پولیس نے فیلڈنگ لگائی۔ لیگی رہنما اور کارکن خبر ملتے ہی نیب کو روکنے کیلئے رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے۔ نیب کی ٹیم پہنچی تو کارکنوں اور نیب اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل دیکھنے میں ملی۔ بامشکل نیب کی ٹیم رہائش گاہ کے اندر چلی گئی۔ پہلے شہباز شریف کے گھر میں موجود ہونے کی اطلاع تھی لیکن نیب اہلکاروں نے پورا گھر چھان مارا۔ اپوزیشن لیڈر کا کہیں پتہ نہ چلا۔ تین رکنی ٹیم ڈیڑھ گھنٹہ تک شہباز شریف کی رہائش گاہ میں موجود رہی۔ نیب اہلکاروں کے ہاتھ کچھ نہ آیا۔ خالی ہاتھ گھر سے باہر نکلے تو باہر موجود کارکنوں کی جانب سے شدید مذاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ سے کامیابی نہ ملنے پر پوری ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے جاتی امرا روانہ ہوئی تاہم وہاں بھی چھان بین کے بعد شہباز شریف ہاتھ نہ آئے جس کے بعد نیب ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔