Wednesday, April 24, 2024

اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار کیخلاف سماعت 26 جنوری تک ملتوی

اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار کیخلاف سماعت 26 جنوری تک ملتوی
January 22, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں نیب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف سماعت 26 جنوری تک ملتوی ہوگئی۔
نیب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت کی ۔
گواہ علی اکبر بھنڈر نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ بطور اے سی رائیونڈ اگست 2017 میں نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئے ۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ کی اراضی سے متعلق تفصیلات دیں جن کے مطابق اسحاق ڈار کی اہلیہ کے نام 2 کنال 19 مرلے کا پلاٹ ہے ۔
گواہ علی اکبر بھنڈر کی طرف سے عدالت میں 1984 سے 1988 تک کی اراضی کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔
ادھر استغاثہ کے دیگر گواہان نیاز سبحانی اور عبید سائمن نے بھی اپنا بیان قلمبند کروایا ۔
چوتھے گواہ قابوس عزیز کا بیان قلمبند نہ ہو سکا ۔ قابوس عزیز نے موقف اختیار کیا کہ جس دن انہوں نے ریکارڈ ترتیب دیا اس کے اگلے دن انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ۔ ریکارڈ کے لئے ڈائریکٹر آپریشن نادرا کو طلب کیا جائے ۔
گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر زیادہ سے زیادہ گواہان پیش کرنے کا حکم دیا ۔