Friday, April 19, 2024

اتوار کا دن اور سرد موسم ، ناشتہ تو باہر ہی ہو گا

اتوار کا دن اور سرد موسم ، ناشتہ تو باہر ہی ہو گا
January 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) اتوار کا دن اور بوندا باندی کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو تو لاہوری گھروں سے باہر ناشتے کا اہتمام کرتے ہیں۔ ناشتہ پوائنٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے اور ہر کوئی اپنے من پسند ناشتے کا انتخاب کرتا ہے۔ موسم سرد اور چھٹی کا دن ہو تو لاہوری گھروں میں گزاریں ایسا تو ممکن ہی نہیں۔ ہر دن کو کیسے منانا ہے یہ شہری اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ جو اتوار کے روز گھر سے ناشتے کی بجائے باہر سے گرما گرم ناشتے کو ترجیح دیتے ہیں۔ کوئی نان چنے کھاتا ہے تو کوئی سری پائے سے دو دو ہاتھ کرتا نظر آتا ہے۔ گرما گرم پائے کے پیالے سے نکلنے والی بھاپ شہریوں کو اپنی طرف کھینچ لاتی ہے۔ فیملیز اور دوستوں کے ہمراہ آئے شہری کہتے ہیں پورا ہفتہ اچھا ناشتہ کرنے کے انتظار میں گزر جاتا ہے۔ اسی لئے ہر اتوار کو یادگار بنانے کے لئےبھاری ناشتے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کھابوں کے شوقین گرما گرم سری پائے، نان چنوں کے علاوہ ٹھنڈی لسی کے بھی گرویدہ ہیں جس کی تیاری میں دکاندار بھی خوب محنت کرتے ہیں اور گلاسوں میں ٹیبل کی زینت بناتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی یہ رعنائی آئندہ چوبیس گھنٹے برقرار رہے گی۔