Wednesday, May 8, 2024

اتوار بازاروں میں سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت پر عوام پریشان

اتوار بازاروں میں سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت پر عوام پریشان
November 17, 2019
لاہور (92 نیوز) سبزیوں کے مہنگے داموں پر غریب عوام ہانڈی بنانے کے لئے پریشان ہوگئی۔ ایران سے درآمد کے باوجود ٹماٹر کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں، ٹماٹر کہیں 250 تو کہیں 300 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، لہسن، ادرک ، شملہ مرچ کی ٹرپل سنچری جبکہ پیاز بھی شہریوں کے آنسو نکلوانے لگے، اتوار بازاربھی غریب کی پہنچ سے باہر ہو گیا۔ لاہور کے اتواربازاروں میں بھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 200 روپے فی کلو ہے جبکہ 200 روپے فی کلو ملنے والا ٹماٹر ناقص معیار کا ہے۔ سبزیوں کے مہنگے داموں پر یشان شہریوں کا شکوہ ہے کہ لہسن 280 ، مٹر 100 ، پیاز 85 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، چیزوں کی قیمت میں 5 روپے کمی ہے لیکن معیار انتہائی ناقص ہے۔ اوکاڑہ میں اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول نے سبزی منڈی کا دورہ کیا، سبزیوں، پھلوں کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ عمر مقبول کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کوالٹی اور ریٹس پر کمپرومائز نہیں کیا جائیگا، کم کوالٹی اور زائد ریٹس لگانے والے افراد کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ ادھر ملتان میں سبزیوں کی قیمتوں نے لوگوں کوپریشان کررکھا ہے، لال ٹماٹر 260 ، ادرک 400 ، لہسن 300 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، گوبھی 100 روپے، کریلا 120 ، آلو 100 ، شملہ مرچ 240 ، بھنڈی 130 ، پیاز 110 ، گاجر 60 ،مٹر 160 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے سبزیوں کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ دوسری جانب پشاور میں سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ نے شہریوں کے اوسان خطا کر دئیے، ٹماٹر 240 روپے، ادرک 400 ، لہسن 350 ، شملہ مرچ 300 ، مٹر 150 ، اروی 100 ، پیاز 90 فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔