Friday, April 19, 2024

اترپردیش میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر 7 افراد پر غداری کا مقدمہ درج

اترپردیش میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر 7 افراد پر غداری کا مقدمہ درج
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اترپردیش (92 نیوز) پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست۔۔ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہوگئے۔ اترپردیش میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر 7 افراد پر غداری کا مقدمہ درج کرلیا۔ ریاست تری پورہ میں مسلمان مخالف مظاہرے منظم حملوں میں تبدیل ہو گئے، انتہا پسند ہندووں نے مساجد نذرآتش جبکہ دکانیں، گھر جلا دئیے۔

مودی کا بھارت، مسلمانوں کے لئے نوگوایریا بن گیا۔ انتہا پسند ہندو، آرایس ایس کے غنڈے بےلگام ہو گئے۔ بھارتی ریاست تری پورا میں مسلم کش فسادات شروع ہوگئے۔

ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے انتہا پسندوں نے مسلم مخالف ریلی کے دوران تری پورہ کی سب ڈویژن پانی ساگرمیں 15 مساجد شہید کردیں جبکہ مسلمانوں کی متعدد دکانوں اور گھروں اور املاک کو نذر آتش کر دیا۔

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ تری پورہ میں مساجد کو شہید کرنے کے پیچھے مودی کا ہاتھ ہے۔

تری پورہ میں خوف کا عالم ہے۔ مسلمانوں کو چن چن کرنشانہ بنایا جارہاہے۔ مودی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

ٹی 20  عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارت میں مسلمانوں کیلئے رہنا محال ہو گیا۔ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پولیس نے ٹی 20 عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر پیغامات پوسٹ کرنے یا بھارت مخالف نعرے لگانے پر سات افراد کے خلاف بغاوت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

برطانوی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر پولیس نے پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے سری نگر کے دو میڈیکل کالجز کے طلبا اور اسٹاف کیخلاف انسداد دہشتگردی کے خصوصی ایکٹ کے تحت ایف آئی آرز درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

بھارتی پنجاب میں بھی پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرنیوالے کشمیری طلبا کو انتہا پسند ہندوئوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ریاست راجستھان میں نجی اسکول کی مسلمان ٹیچر نفیسہ عطاری کو بھی پاکستان کو مبارکباد دینے پر نوکری سے ہاتھ دھونا پڑگئے۔