Tuesday, April 23, 2024

ابھی نندن کی رہائی کے اعلان پر سوشل میڈیا کے صارفین عمران خان کی قائدانہ صلاحیت کو سراہتے رہے

ابھی نندن کی رہائی کے اعلان پر سوشل میڈیا کے صارفین عمران خان کی قائدانہ صلاحیت کو سراہتے رہے
February 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان پر سماجی روابط کی ویب سائٹس پر کیا اپنے کیا پرائے سب ہی وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیت کو سراہتے رہے۔ سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حقیقی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا، اب مودی سرکار کی باری ہے ،وہ آگے آئے اور کشمیر کے حالات بہتر بنائے۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجووت سنگھ سدھو ایک بار پھر اپنے دوست عمران خان کے حق میں بول پڑے۔ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان  آپ کی خیرسگالی لاکھوں لوگوں اور قوم کیلئے خوشی کا باعث بنی۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا وہ پائلٹ ابھی نندن کے والدین اور اس کے پیاروں کیلئے بہت خوش ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا پائلٹ کو چھوڑنا امن کیلئے ایک خوش آئند قدم ہو گا۔ دو ایٹمی طاقتوں کا آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑے ہونا اچھا نہیں۔ امن پسند ملکوں پر جنگ مسلط کر دی جائے تو لڑنے کے سوا چارہ نہیں رہتا۔ ماضی اور حال کے تمام واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ حل صرف مذاکرات میں ہے۔ بھارتی صحافی بھی اپنے تمام تر تعصبات اور منفی رپورٹنگ کے باوجود پاکستانی وزیر اعظم کے مثبت جذبے کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ ساگریکا گھوش کا کہنا تھا کہ حیران ہوں مودی نے ابھی نندن کیلئے ایک لفظ نہیں بولا، راجدیپ سرڈیسائی نے پاکستانی قدم کو مودی حکومت کیخلاف بڑی اخلاقی برتری قرار دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی شاباش کا سائن بنا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان سعیدہ وارثی، سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی عمران خان کے اقدام کو امن کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔