Sunday, May 12, 2024

ابھی تو ٹریلر چلا ہے ، کراچی میں مزید بارشیں ہوں گی ، ملک امین اسلم

ابھی تو ٹریلر چلا ہے ، کراچی میں مزید بارشیں ہوں گی ، ملک امین اسلم
September 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے موسمیاتی تغیر ملک امین اسلم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ابھی تو ٹریلر ہے، کراچی میں مزید بارشیں ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کراچی میں غیر معمولی مون سون بارشوں کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے بریفنگ میں میں بتایا کہ ابھی تو ٹریلر ہے، کراچی میں مزید بارشیں ہوں گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے پر اراکین نے وزیراعظم کو خراج تحسین کیا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ اضافی اخراجات حکومت برداشت  کرے گی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں ٹرانسپورٹ اور بجلی کی بحالی کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے باسیوں کو مزید ریلیف کی ضرورت ہے ۔ نالوں کی صفائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہو گی۔ وزیراعظم نے راولپنڈی کے نالہ لئی میں سیلاب سے بچاؤ کے بروقت انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعلیٰ پنجاب نے خود نالہ لئی کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے دیا نہ چینی کی قیمتیں بڑھنے دیں گے۔ گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی ہے جو  ملک بھر میں تقسیم ہو گی۔ چینی بھی درآمد کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  ذخیرہ اندوزی سے بچنے کے لیے گندم اور چینی پاکستان ریلویز کے ذریعے سپلائی کی جائے گی۔