Thursday, April 25, 2024

ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے اخراج پر شہباز شریف کا اظہار تشویش

ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے اخراج پر شہباز شریف کا اظہار تشویش
September 8, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے اخراج پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار تشویش کیا۔

شہباز شریف نے بیان میں کہا مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی عالمی فہرست میں پاکستان کی تنزلی اچھی خبر نہیں۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی عوام کو درپیش شدید مشکلات اور مصائب کا اعتراف ہے۔ ’ایم ایس سی آئی‘ کا پاکستان کو ’فرنٹئیر مارکیٹس‘ میں شمار کرنا ملکی معاشی بدحالی کا اعلان ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کے دور میں پاکستان کو دنیا کی 20 ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کیا گیا۔ تین سال میں پاکستان کا معاشی ترقی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لئے سازگار ملک ہونے کا درجہ بھی چھن گیا۔ افسوس ہے مورگن درجہ بندی تصدیق کررہی ہے کہ پاکستان کی معیشت کا حجم سکڑ چکا ہے۔ سرمائے کی قلت کا سامنا ہے۔ ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے نکلنے کا مطلب ہے کہ ہمارے خدشات درست نکلے۔ یہ عالمی درجہ بندی اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ حکومتی معاشی اعدادوشمار عالمی سطح پر مسترد ہوئے ہیں۔ عمران نیازی کو عوام خوشحال اور عالمی اداروں کو بدحال نظر آرہے ہیں۔