Thursday, May 2, 2024

ابوظہبی ٹیسٹ ، کپتان ولیم سن اور ہنری نکولس کی بیٹنگ سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم

ابوظہبی ٹیسٹ ، کپتان ولیم سن اور ہنری نکولس کی بیٹنگ سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم
December 7, 2018
دبئی (92 نیوز) ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھا روز کپتان ولیم سن اور ہنری نکولس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میچ میں نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم کر دی ۔ قومی باؤلرز آج صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے۔ یاسر شاہ نےٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سنچری مکمل کی۔ نیوزی لینڈ نے چوتھے روز 26 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔ 37 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ نے سمرویل کو آؤٹ کر کے تیز ترین دو سو وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز راس ٹیلر تھے جو 60 کے اسکور پر 22 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ 60 کے اسکور پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان ولیم سن  اور ہنری نکولس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ ولیم سن نے خوبصورت شارٹس کھیلتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے ہنری نکولس نے بھی کپتان کا خوب ساتھ دیا اور نصف سنچری اسکور کی۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر کین ولیم سن 139 اور ہنری نکولس 90 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بلے بازوں میں 212 رنز کی شراکت داری قائم ہے۔ نیوزی لینڈ کو پاکستان پر 198 رنز کی برتری حاصل ہے اور اسکی 6 وکٹیں باقی ہیں۔