Thursday, April 25, 2024

ابوظہبی ٹیسٹ ، پاکستان نے 282رنز بنائے ، آسٹریلیا کےدو کٹوں کے نقصان پر 20رنز

ابوظہبی ٹیسٹ ، پاکستان نے 282رنز بنائے ، آسٹریلیا کےدو کٹوں کے نقصان پر 20رنز
October 17, 2018
ابو ظہبی ( 92 نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ  ابو ظہبی میں جاری ہے ، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور  282 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔ پہلے روز کے اختتام تک  آسٹریلیا کی ٹیم  دو وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنا پائی۔ پاکستان کی جانب سے کھیل کا اچھا آغاز نہ ہو سکا اور گزشتہ میچ میں سینچری داغنے والے پروفیسر محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جب کہ اظہر علی نے بھی  15رنز بنا کر ہمت ہار دی ۔ حارث سہیل ، ان کے بعد آنے والے اسد شفیق اور بابر اعظم نے قوم کو شدید مایوس کیا، تینوں  کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔حارث سہیل پہلی ، اسد شفیق اور بابر اعظم دوسری دوسری گیند پر چلتے بنے ۔ اوپنر فخر زمان کیساتھ کپتان سرفراز احمد نے کریز سنبھالی  اور دونوں نے آسٹریلین باؤلرز کا خوب امتحان لیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 94،94رنز اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط سہارا فراہم کیا۔ فخر زمان کی اننگز 8چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی  جبکہ کپتان سرفراز احمد کی اننگز میں بھی 7چوکے شامل تھے ۔ دیگر کوئی کھلاڑی قابل ذکر اسکور نہ کر سکا ، بلال آصف 12 ،یاسر شاہ 28، محمد عباس 10 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ میر حمزہ 4 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔پاکستان کے  6کھلاڑی کیچ آؤٹ ، تین کلین بولڈ اور ایک ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیئون نے 4،ماربس لیبوشگنے نے 3 ،مچل سٹار نے 2اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے بھی بیٹنگ  ابتدا میں لڑکھڑاہٹ کا شکار ہے ۔ گزشتہ میچ کے ہیرو عثمان خواجہ تین رنز پر ہی چلتے بنے جب کہ پیٹرسڈل 4رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پیٹر سڈل کی وکٹ کے ساتھ ہی پہلے روز کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا۔ آسٹریلین ٹیم دوسرے روز دو وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز سے کھیل کا آغاز کریگی۔