Thursday, May 2, 2024

ابوظہبی ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی

ابوظہبی ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی
December 7, 2018
دبئی (92 نیوز) ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 123 رنز سے شکست ہوئی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے 353 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز دکلیئر کر دی۔ پاکستان کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کا آغاز کافی مایوس کن رہا۔ صرف 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے پروفیسر حفیظ بھی متاثر کرنے میں ناکام رہے اور 8 رنز بنا سکے۔ کپتان سرفراز اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی مگر سرفراز احمد 28 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ٹیل اینڈرز بھی کوئی مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی ، اعجاز پٹیل اور سمرویل نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان ولیمسن کو مین آف دی میچ اور یاسر شاہ تین ٹیسٹ میچوں میں 29 وکٹیں لینے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔