Tuesday, April 23, 2024

ابوظہبی میں خم کھاتی ’’ کیپٹل گیٹ بلڈنگ ‘‘ فن تعمیر کا منہ بولتا ثبوت

ابوظہبی میں خم کھاتی ’’ کیپٹل گیٹ بلڈنگ ‘‘ فن تعمیر کا منہ بولتا ثبوت
June 13, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) ابوظہبی کیپٹل گیٹ بلڈنگ فن تعمیر کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس عمارت کو انجینئرز نے 3 سال کی انتھک محنت کے بعد مکمل کیا۔

ابوظہبی کے خلیفہ بن زاید النہان کی خصوصی فرمائش پر کیپٹل گیٹ بلڈنگ کو تعمیر کیا گیا۔ اس عمارت کی خصوصیت اس کا ایک جانب خم کھاتا ڈیزائن ہے۔ انجینئرز نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بلڈنگ کے ڈھانچے کو کھڑا کیا۔

انجینئرز نے ’’ کیپٹل گیٹ ‘‘ کے خم کھاتے لاکھوں ٹن وزنی حصے کو کافی حساب کتاب کے بعد عملی شکل دی۔ انجینئرز کو اس بات کا خدشہ تھا کہ کیلکولیشن میں کوتاہی اس پوری عمارت کو سکینڈز میں ملبے کا ڈھیر بنا سکتی ہے، یہاں تک پہچنے کے لیے انجینئرنگ ٹیم نے جن چیلنجز کا سامنا کیا ان کا بُرج خلیفہ کی ٹیم کو بھی نہیں کرنا پڑا تھا، کیونکہ کیپٹل گیٹ کا ڈیزائن ایک ایسا ڈیزائن تھا جو فزیکس کے قوانین کو توڑنے کے بالکل قریب قریب تھا۔

عین اس وقت پر جب بلڈنگ لانچنگ کے لیے تیار تھی، ابوظہبی کے خلیفہ کی طرف سے کنسٹرکشن ٹیم کو پیغام موصول ہوا کہ ’’ انہیں اس بلڈنگ کے ٹاپ پر ایک ہیلی پیڈ بھی چاہئے۔‘‘ یہ پیغام کنسٹرکشن ٹیم پر پہاڑ بن کر گرا کیونکہ بلڈنگ کا وزن پہلے ہی کافی زیادہ تھا، نہ ہی ہیلی پیڈ کے لیے جگہ چھوڑی گئی تھی نہ ہی بلڈنگ کا ڈیزائن اس کی اجازت دے رہا تھا۔ ’’ سونے پر سوہاگہ ‘‘ نہ ہی انجینئرز میں ابوظہبی کے خلیفہ کو جواب دینے کی ہمت تھی۔

انجینئرز کی ٹیم ایک مرتبہ پھر سر جوڑ کر بیٹھ گئی، ایک جانب ہیلی پیڈ کی ڈیمانڈ اور دوسری جانب بلڈنگ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنا کسی بڑے چیلنج سے کم نہ تھا۔

خلیفہ کی ہیلی پیڈ کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن میں ردوبدل پر غور کیا جانے لگا، تمام حساب کتاب کے بعد ہیلی پیڈ کو عملی شکل دی گئی، ہوا کے دباؤ کے پیش نظر ہیلی پیڈ کو زیادہ بلند نہیں رکھا گیا۔ یوں سخت ترین چیلنجز کے بعد کیپٹل گیٹ بلڈنگ کا کام پایہ تکمیل تک پہنچا، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کا عظیم امتزاج ہے۔