Thursday, April 18, 2024

ابو ظہبی ٹیسٹ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے ہرا دیا

ابو ظہبی ٹیسٹ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو 373 رنز سے ہرا دیا
October 19, 2018
ابو ظہبی (92 نیوز) ابو ظہبی ٹیسٹ میں سرفراز الیون  نے کینگروز کو 373 رنز کے بڑے مارجن سے پچھاڑ دیا۔ شاہینوں کی آسٹریلیا کیخلاف تاریخی جیت ہو گئی۔ کینگروز پر ایسا جھپٹے کہ میچ کیساتھ سیریز بھی لے اڑے۔ ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلوی بلے باز بری طرح فلاپ ہوئے۔ دوسری اننگز میں صرف 164 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ چوتھے روز آسٹریلیا نے 47 رنز سے اننگز آگے بڑھائی۔ بیٹسمین آتے رہے اور پویلین جاتے رہے۔ فنچ 31، ٹریوس ہیڈ 36، مچل مارش 5 رنز پر پویلین لوٹے۔ لبوشن نے 43 رنز جوڑے ۔ کپتان ٹیم پین کھاتہ بھی نہ کھول پائے۔ مچل سٹارک 28، سڈل اور ہالینڈ تین ، تین رنز تک محدود رہے۔ عثمان خواجہ انجری کے باعث بیٹنگ کرنے ہی نہ آئے۔ چھ بلے باز تو ڈبل فگر کو ہی نہ چھو پائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5، یاسرشاہ نے تین اور میر حمزہ نے ایک کھلاڑی ٹھکانے لگایا۔ فاتح کپتان سرفرازاحمد بھی شاندار جیت پر خوشی سے سرشار ہوئے۔ کہتے ہیں محمد عباس نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ فخرزمان اور میری بیٹنگ ٹیم کے کام آئی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے لیے ایسی پرفارمنس دہرانا ہو گی۔ فاسٹ باؤلر محمد عباس کومیچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔  پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی سمیٹی ہے۔