Friday, March 29, 2024

ابو ظہبی ٹیسٹ، دوسرے روز کیویز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لیے

ابو ظہبی ٹیسٹ، دوسرے روز کیویز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لیے
November 18, 2018
ابوظہبی (92 نیوز) پاک نیوزی لینڈ پہلے ٹیسٹ کا آج تیسرا روز ہے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کیویز نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لیے۔ پہلے ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی باؤلرز کے نام رہا۔ پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ نے بھاری برتری کا موقع گنوا دیا۔ پہلی اننگز میں سرفراز الیون 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے 59 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا اور 91 رنز کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل اور اظہر علی  پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل 38 اور اظہر علی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور ٹیم کا اسکور 174 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں پلیئیرز کے درمیان 83 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ اسد شفیق 43 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بنے۔ کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر دھوکا دے گئے اور صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے بابراعظم نے کیویز باؤلرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی لیکن پوری پاکستانی ٹیم 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بابر اعظم 62 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لیے ہیں۔ گرین کیپس کو 18 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔