Sunday, September 8, 2024

ابرباراں سے موسم خوشگوار‘ محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی

ابرباراں سے موسم خوشگوار‘ محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی
March 13, 2016
لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پنجاب‘ خیبرپختونخوا‘ شمالی بلوچستان‘ کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ خطہ پوٹھو ہار میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری اور گلیات میں برف باری جبکہ ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق موسم بہار کی حالیہ بارشوں نے ہر جانب جل تھل کر دی ہے جس سے نہ صرف خنکی بڑھ گئی ہے بلکہ موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب‘ خیبرپختونخوا‘ شمالی بلوچستان کشمیر کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بارش سے جاتی سردیاں واپس لوٹ آئی ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے پولن کے ہزاروں مریضوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کی چھٹی اور بارش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ شہری بھی گھروں میں ہی بارش سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں بارش الرجی کے مریضوں کیلئے باعث رحمت ثابت ہوئی ہے۔ بائیس ہزار فی کیوبک فٹ سے پولن کم ہو کر صرف چار سو تیس فی کیوبک فٹ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب موٹروے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش میں احتیاط سے گاڑیاں چلائیں اور سفر پر جانے سے پہلے اپنی گاڑیوں کو ضرور چیک کریں۔