Saturday, May 11, 2024

ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی معطل ‏

ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی معطل ‏
November 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی معطل کر دی ، آئندہ سماعت  تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے  چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ابرارالحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کےخلاف درخواست کی سماعت کی ، اٹارنی جنرل انورمنصور بغیرنوٹس پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی تو نوٹس بھی نہیں ہوئے اوراٹارنی جنرل موجود ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کیا اور ریمارکس دئیے کہ پہلے کیس بتائیں ، انہوں نے ابھی فائل نہیں پڑھی ، قانون بتائیں کہ کیا یہ تعیناتی خاص مدت کی تقرری ہوتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ مینیجنگ باڈی نے رولز بنائے ہیں جس کے مطابق چیئرمین کا تقرر3 سال کے لیے ہو گا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چئیرمین کو ہٹانے کا طریقہ کہاں لکھا ہے ، جس پر وکیل بولے رولز میں چیئرمین کوہٹانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔ چیف جسٹس نے دوبارہ استفسار کیاکہ قانون میں تو ایم ڈی  نے رولز بنائے ، کیسے چیئرمین کوعہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے، رول 10 اے کے تحت چیئرمین کوبرطرف نہیں کیا جاسکتا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو کے پاس اختیارہے کہ کسی بھی وقت چیئرمین کو برطرف کردے ، چیئرمین کی برطرفی کا نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا ، چیئرمین کے خلاف کوئی الزام نہیں اس لیے ان کو کوئی نوٹس نہیں کیا گیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی ، آئندہ سماعت تک ابرارالحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا۔