Friday, April 19, 2024

ابرار الحق 52 برس کے ہو گئے

ابرار الحق 52 برس کے ہو گئے
July 21, 2020

نارووال ( 92 نیوز) نامور گلوکار ابرار الحق 52 برس کے ہو گئے ، 21 جولائی  1968کوپیدا ہونے والے  ابرارالحق  کا پہلا گانا بلودے گھر 1995میں ریلیز  ہوا جس نے انہیں راتوں رات دنیا بھر میں شہرت دلادی۔

ابرار الحق نےبھنگڑا،پاپ،فوک سمیت درجنوں سپر ہٹ گانےگائے۔

ابرار الحق 1996 میں ایچی سن کالج لاہور میں مستقل استاد کی حیثیت سے متعین ہوئے  مگر پاپ موسیقی کی وجہ سے انہیں  اس پیشے کو خیرباد کہنا  پڑا ، اگرچہ ابرار الحق نے اپنی ایچی  سن کالج میں تعیناتی کے دن کو زندگی کا سب سے قابل فخر دن قرار دیا  ۔

ابرار الحق کے کئی گانے تنازعات کا شکار بھی ہوئے ، ان کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے چمکیلی  کے خلاف سول عدالت میں دعویٰ دائر ہوا جس میں گانے پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی ۔

درخواست گزار نے  موقف اپنایا کہ گلوکار ابرار الحق کے نئے گانے چمکیلی میں  مردوں اور عورتوں کی تضحیک کی گئی ہے ،  گانے میں مرد و خواتین کی تضحیک ہو رہی ہے جو نا مناسب ہے۔

درخواست گزار نے  گلوکار ابرار الحق کے گانے چمکیلی پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی  ۔

ماضی میں بھی انہیں اپنے  گانے نچ پنجابن نچ کے الفاظ کو نچ مجاجن نچ سے تبدیل کرنا پڑا ۔ایک  انٹرویو کے دوران جب ابرار سے "مجاجن" کے مطلب کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ "مجاجن" کوئی لفظ نہیں ہے بلکہ اصل لفظ "مجاجنی" ہے جس کو پنجابن کے وزن پر لانے کے لیے "مجاجن" کر دیا گیا ہے۔