Saturday, April 27, 2024

اب قومی سلامتی کا مطلب معیشت ہے ، شاہ محمود قریشی

اب قومی سلامتی کا مطلب معیشت ہے ، شاہ محمود قریشی
November 28, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا قومی سلامتی کی تشریح بدل گئی ہے، اب قومی سلامتی کا مطلب معیشت ہے۔ اسلام آباد میں افریقی ملکوں کے سفرا کی 2 روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا حکومت ملی تو ملکی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ہر ماہ 2 ارب ڈالرخسارہ ہو رہا تھا۔ وزارت خارجہ کو معاشی سفارتی کاری کی واضح ہدایات دی ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت 32 افریقی ملکوں میں موجود ہے۔ ہماری گزشتہ تیس سال میں افریقہ پر توجہ نہیں۔ افریقہ کے ساتھ باہمی تجارت منفی ہے۔ دفاعی پیدوار میں بھی ہمیں افریقہ میں جگہ مل سکتی ہے ،اس کے روشن امکانات ہیں۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا چاول کی برآمد کے لیے افریقی مارکیٹ چین سے بڑی ہے۔ فارماسیوٹیکل میں بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان زرعی اجناس افریقہ پہنچا کر زرمبادلہ کما سکتا ہے ۔ متعدد ایسی چیزیں ہیں جو ہم افریقی مارکیٹ میں بیچ سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا معاشی طورپر مستحکم ہوئے بغیر ہمارا کسی داستان میں ذکر نہیں ہو گا۔ کمزور معاشی حالات میں خارجہ پالیسی مستحکم کیسے ہوسکتی ہے۔ آئندہ پانچ سال میں افریقی ممالک کو برآمدات دگنا کریں گے۔ انہوں نے کہا وزارت تجارت نے 2020 میں نیروبی میں ٹریڈ کانفرنس کا فیصلہ کیا ہے۔ جو ڈیلیور کرے گا اس کو سر کا تاج بنائیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا اقوام متحدہ میں افریقی ممالک کو ووٹ بینک اہم ہے۔ مغرب کے ساتھ ٹکریں مارنے کی بجائے افریقہ پر توجہ دینی چاہیے۔ افریقہ پر توجہ دینے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ کئی افریقی ممالک سے گزشتہ ادوار میں رابطے ہی نہیں کیے گئے۔ افریقی ممالک سے کوئلہ، توانائی اور چائے برآمد کر رہے ہیں۔