Saturday, May 11, 2024

ائیرپورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے انتظامات غیر تسلی بخش  قرار

ائیرپورٹس پر کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے انتظامات غیر تسلی بخش  قرار
January 28, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)  پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے خوف کی فضا پھیل گئی، ملک بھر کے ائیرپورٹس  پر وائرس کی روک تھام کیلئے انتظامات غیر تسلی بخش قرار  دے دیے گئے ،   مسافروں کی اسکینگ کیلئے بڑے ائیرپورٹس پر ایک ایک کاونٹر بنا کر ذمہ داری پوری کردی۔ چین سے پھیلنے والا خطرناک کرونا وائرس جان لیوا مرض میں تبدیل ہوچکا ،  پاکستان میں بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی لیکن انتظامات غیرتسلی بخش ہیں ، وزارت صحت، عالمی ادارہ صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے بین الاقوامی ائیرپورٹس  کے لاونچ میں مسافروں کی اسیکنگ کیلئے ایک ایک کاونٹر لگا دیا۔ چین سمیت دیگر ممالک میں وائرس کی اسکینگ جہاز سے اترنے سے پہلے ہی کرلی جاتی ہے جس سے  وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے ،  لیکن پاکستان میں مسافر جہاز سے اتر کر مختلف پوائنٹس سے ہوتا ہوا اسکینگ کے عمل سے گزرتا ہے۔ مسافروں کا کاونٹر تک پہنچتے پہنچتے کئی لوگوں سے میل جول ہوچکا ہوتا ہے ، چینی اور پاکستانی باشندوں کا ایک دوسرے ملک میں آنا جانا عام ہے، اسلام ا ٓباد، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں 60ہزار سے زائد چینی طالب علم مقیم ہیں۔ اسی طرح چین میں بھی پاکستانی طالب علموں کی تعداد دوسرے ملکوں کے مقابلے میں تیسرے نمبر پر آتی ہے  ، دونوں ملکوں میں کام کرنے والے ورکرز کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرپورٹس کو نیا مراسلہ بھی جاری کردیا ، وائرس کے تدارک کیلئے انتظامات کو مزید سخت کرنے اور تعینات میڈیکل عملے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔ بغیر اجازت سول ایوی ایشن میڈیکل عملے کی چھٹی پر پابندی عائد کر دی گئیں جب کہ کرونا وائرس کے مریض کی نشاندہی پر فوری ایوی ایشن اتھارٹی کے فوکل پرسن کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔