Saturday, May 4, 2024

آیئے ملکر آگے بڑھتے ہیں ، عمران خان کا مودی کے بیان پر مثبت رد عمل

آیئے ملکر آگے بڑھتے ہیں ، عمران خان کا مودی کے بیان پر مثبت رد عمل
February 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے سفارتی محاذ پر ایک اور چھکا  مارتے ہوئے نریندر مودی  کے بیان پر کہا کہ آیئے مل کر آگے بڑھتے ہیں ۔ جب دھمکیوں سے کچھ نہ بن پایا تو  بھارتی وزیر اعظم  نریندر مودی مصالحت کا راستہ ڈھونڈنے لگے اور  ایک جلسے میں کہہ ڈالا کہ  پاکستان کے وزیر اعظم کو  انتخابات جیتنے پر مبارکباد کیلئے ٹیلی فون کیا تھا ، دونوں ممالک کو آگے بڑھنا چاہئے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے بھی دہشت گردی ختم کرنے کا وعدہ یاد دلانے والے بھارتی وزیراعظم کو مذاکرات کی پیشکش کرکے بال مودی کی کورٹ میں پھینک دی۔ عمران خان نے کہا کہ وہ  اپنی بات پر قائم ہیں ، بھارت قابل گرفت معلومات فراہم کرے، پاکستان فوری اقدامات کرے گا،کسی دہشت گردی کے واقعہ کو قیام امن کی کوششیں سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئیے مل کر آگے بڑھتے ہیں ، آئیے اپنے لوگوں کو وہ حق دیتے ہیں  جس کے وہ صحیح حق دار ہیں۔ منزل آسان نہیں،راستہ بھی مشکل ہے  مگر مستقل مزاجی سے ہم منزل پا لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے  مودی  کو یاد دلایا کہ دسمبر 2015 میں   بھارت میں ہونیوالی ملاقات  کے دوران خطے سےغربت کے خاتمہ پر اتفاق ہوا تھا۔ پاکستان بار بار امن کو موقع دے رہا ہے۔تاہم مودی سرکار کی جانب سے غیرذمہ دارانہ بیانات خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ  مودی سرکار ہوش کے ناخن لیتے ہوئے۔جنگی ماحول کا خاتمہ کرے تا کہ خطے سے غربت و افلاس  مٹانے اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔