Monday, May 20, 2024

آگے بڑھنے کیلئے کرپشن سے ناطہ توڑنا ہوگا ، فردوس عاشق

آگے بڑھنے کیلئے کرپشن سے ناطہ توڑنا ہوگا ، فردوس عاشق
May 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے ترقی کا فارمولا دیتے ہوئے کہا آگے بڑھنے کیلئے کرپشن سے ناطہ توڑنا ہوگا۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا حکومتی ذمہ داریوں سے فرار حاصل نہیں کرنا چاہتے، اشتہارات کی آڑ میں عمران خان کے خلاف مورچے بنائے گئے۔  ملک کا وزیراعظم ایک خدا ترس انسان ہے۔ عمران خان کو چیلنجز کا سامنا ہے، جو تگ و دو میں مصروف ہے۔ کوئی بھی حکومت چیلنجز سے اکیلے ہی نمٹ نہیں سکتی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا لگتا ہے کچھ نا بلد سیاستدانوں کو مزید سیاسی بلوغت کی ضرورت ہے۔ یہ عورتوں کو ڈھال بنا کر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ افواج پر حملہ کرنے والوں کو پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کیا گیا۔ یہ تو اپنی ماں کے مشن سے رو گردانی کر رہے ہیں۔ قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے موجودہ ملکی حالات کا ذمہ دار سابق حکمرانوں کو ٹھہرادیا ، اور کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ، ماضی کی غلط پالیسیوں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ملک کے اندر سوچ بدلنے کے ساتھ ساتھ بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے  ، اپوزیشن کی تنقید بلا جواز ہے  ، انہیں اپنے دور حکومت کا حساب دینا ہے ۔