Thursday, April 25, 2024

آکسیجن گیس سلنڈرکی قلت کا مسئلہ تاحال برقرار

آکسیجن گیس سلنڈرکی قلت کا مسئلہ تاحال برقرار
June 27, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں  آکسیجن  گیس سلنڈر کی قلت کا مسئلہ تاحال برقرار ہے،  فیصل آباد  شہرمیں  متعدد گیس ری فلنگ کی دکانوں کو تالے ،  جبکہ کھلے  یونٹس  پر منہ مانگے دام بھی سرعام وصول کئے جا رہے ہیں ۔

سانسوں کا تسلسل برقرار رکھنے والی گیس آکسیجن  جس کی مانگ میں کورونا وبا کے باعث کئی گنا اضافہ ہو چکا، فیصل آباد سمیت ملک بھر میں  کئی روز سے جاری آکسیجن گیس سلنڈر کی قلت کا مسئلہ اب سنگین ہوتا جا رہا ہے ، سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں ری فلنگ اسٹیشن بند ہیں جبکہ کھلی اکا دکا  دکانوں پر بھی منہ مانگے دام کی طلبی شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہی ہے ۔

چھ سو روپے والا  آکسیجن سلنڈر 2000 میں ری  فل  جبکہ سلنڈر کی سکیورٹی رقم بھی 6 ہزار سے بڑھ کر 25 سے 30 ہزار تک پہنچ  چکی ہے  ایسے میں خود کو گھروں  میں قرنطینہ کرنے والے مریضوں کا برا حال ہے، دکاندار آکسیجن شارٹیج کا ذمہ دار بڑی کمپنیوں کو قرار دیتے ہیں

۔

ماہرین طب کہتے ہیں کہ حالات میں بہتری نہ آئی  تو مستقبل  قریب میں اسپتالوں پر بوجھ بڑھنے کے ساتھ شرح اموات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

آکسیجن سلنڈر کی مانگ میں اضافے کے ساتھ دستیابی میں آنے ولای کمی، ضرورت مند افراد کیلئے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے ، جس کا فوری سدباب ضروری ہے