Thursday, April 18, 2024

آکسیجن بھی منافع خوروں نے مہنگی کر دی ، مریضوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا

آکسیجن بھی منافع خوروں نے مہنگی کر دی ، مریضوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا
June 15, 2020

راولپنڈی ( 92 نیوز ) منافع خوروں نے بے حسی کی انتہا کر دی ، ماسک ، سینیٹائزر  کے بعد اب  آکسیجن کو مہنگا کرکے کورونا کے مریضوں کی پریشانی میں اضافہ کیا جا رہا ۔

ناجائز منافع خوروں نے وبا کے دوران بھی  روش نہ بدلی، پہلے  ماسک اور سینیٹائزر کے بعد اب آکسیجن سلنڈر مہنگا کردیا گیا۔

راولپنڈی کے تمام سرکاری اسپتالوں میں آکسیجن سلنڈر کی شدید قلت ہے ، آکسیجن کم ہونے سے مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں بھیجا جانے لگا ،منافع خوروں نے آکسیجن مارکیٹوں سے غائب کر دی۔

چھے سو روپے میں فروخت ہونے والا سلنڈر نو سو سے ہزار کا فروخت ہونے لگا ، جس کے باعث کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ ایکشن میں آگئی ، منافع خوروں پر  لگام ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ، مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کا آغاز کردیا۔

لاہور میں بھی حالات زیادہ مختلف نہ تھے ،کورونا کے انتہائی نگہداشت کے مریض بڑھے اور اسپتالوں میں جگہ ختم ہوئی تو مارکیٹ میں  آکسیجن سلنڈر اور پلس آکسی میٹر بلیک میں فروخت ہونے لگے۔

ذرائع کے مطابق پانچ ہزار کی قیمت والا آکسیجن سلنڈر 15 ہزارروپے میں بیچاجارہاہے ، ڈھائی ہزار والا پلس آکسی میٹرپانچ ہزار سے بھی زیادہ میں فروخت کیا جارہاہے ، آئی سی یو سپیشلسٹ پروفیسر اشرف ضیاء کا کہنا ہے کہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ آکسیجن سلنڈر  پچیس ہزارروپے تک بیچاجارہاہے۔

پروفیسر اشرف ضیا نے کہا کہ  کورونا کے انتہائی نگہداشت کےمریضوں کےلئے گھرمیں آکسیجن سلنڈر استعمال کرنا خطرناک ہوسکتاہے،ڈاکٹرسےضرورمشاورت کرنی چاہئے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان مافیا کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے ۔