Friday, April 19, 2024

آکسفورڈ یونیورسٹی نے گلوکار راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا

آکسفورڈ یونیورسٹی نے گلوکار راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا
June 26, 2019
 لندن (92 نیوز) پاکستان کی پہچان عظیم گلوکار راحت فتح علی خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا۔ برطانیہ کی شہرہ آفاق تاریخ ساز آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی فنی عظمت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی نے 2017 میں ایک کمرہ انکے نام سے منسوب کیا تھا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی جانب سے استاد راحت فتح علی خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر راحت فتح علی خان نے کہا کہ انسان کو اسکی سخت محنت اور لگن کا صلہ ضرور ملتا ہے۔ راحت فتح علی خان اور نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کے مابین آکسفورڈ یونیورسٹی میں مکالمہ ہوا جس میں دونوں شخصیات نے موسیقی  بالخصوص قوالی کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے اجاگر کرنے پر زور دیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان کا خاندان جنوبی ایشیائی موسیقی کی پہچان بن چکا ہے۔ انکے اب تک 50 سے زائد البم ریلیز ہو چکے ہیں۔