Friday, May 17, 2024

آڈیٹر جنرل سے منظوری کے بغیر 480 ارب روپے کی ادائیگیوں کا انکشاف

آڈیٹر جنرل سے منظوری کے بغیر 480 ارب روپے کی ادائیگیوں کا انکشاف
December 16, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایا گیا ہے کہ آئی پی پیز کو سرکلر ڈیبٹ کی ادائیگی آڈیٹر جنرل کو بائی پاس کرکے کی گئی۔ 480 ارب روپے کی ادائیگیوں کے لیے اسٹیٹ بنک کو ایک فیکس کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے سرکلر ڈیبٹ کی مد میں آئی پی پیز کو 480 ارب روپے ادائیگیاں آڈیٹر جنرل کی منظوری سے پہلے ہی کردی تھیں۔ کمیٹی چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سوال کیا کہ آئی پی پیز کو 480 ارب روپے کی ادائیگی کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا گیا تھا ؟ وزارت خزانہ نے جواب دیا کہ بجٹ میں سرکلر ڈیبٹ کی ادائیگی کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ آئی پی پیز کو ادائیگی آڈیٹر جنرل کی منظوری سے پہلے کی گئی۔ سرکلر ڈیبٹ کی ادائیگی کے لئے اسٹیٹ بینک کو فیکس کیا گیا تھا۔ آڈیٹر جنرل حکام نے بتایا کہ 480 ارب کی ادائیگیوں کی آڈٹ رپورٹ صدر ممنون حسین کو پیش کردی گئی ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے اجلاس کو بتایا آئی پی پیز کو 342 ارب روپے کی کیش اور 138 ارب روپے کی نان کیش ادائیگی کی گئی تھی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے چالیس ارب کے منی بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہ ظلم کس نے ڈھایا ہے۔ اطلاع ہے کہ مزید 120 ارب روپے کے مزید ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہورہی ہے کیا مزید ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ٹیکس ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے غریب عوام پر ٹیکس کیوں لگایا جارہا ہے۔ اجلاس میں پاکستانی بزنس مین میاں منشا کی جانب سے لندن میں ہوٹل کی خریداری کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ اسٹیٹ بنک کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ لندن میں میاں منشا کی جانب سے خریدے گئے ہوٹل کی اجازت ہم سے نہیں لی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نثار خان نے کمیٹی کو بتایا کہ برطانیہ اور سنگاپور کی کسٹمز اتھارٹی سے میاں منشا کی ٹیکس تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ رقم کہاں سے منتقل ہوئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شہداءآرمی پبلک سکول کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کمیٹی اراکین نے آرمی پبلک اسکول کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔