Thursday, April 25, 2024

آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے347افسروں،جوانوں نےجانوں کانذرانہ پیش کیا

آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے347افسروں،جوانوں نےجانوں کانذرانہ پیش کیا
June 22, 2015
اسلام آباد(92نیوز)شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کو شروع ہوئے تقریباً ایک سال مکمل ہو گیا،آپریشن کے دوران قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے 347 جوانوں اور افسروں  نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،ویسے تو آپریشن میں حصہ لینے والا فوج کا ہر جوان قوم کا ہیرو ہے،لیکن دہشت گردوں سے نبرد آزما ہو کر زخمی ہونے والے قوم کے محسنوں کا حوصلہ ناقابل شکست ہے۔ تفصیلات کے مطابق  15 جون 2014سے شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کو تقریباً ایک سال مکمل ہو گیا ہے، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو زور دار ضرب لگائی اور کامیابیاں سمیٹیں  ،جہاں آپریشن کے دوران  ہزاروں دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا وہاں 347 جوان اور افسران نے جام شہادت نوش کیا آپریشن کے ایسے بھی مجاہد ہیں جو دشمن سے نبرد آزما ہوتے ہوتے شدید زخمی ہوئے لیکن ان کا جذبہ یہ ہے کہ وہ اب بھی دشمن کو زیر کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ قوم کے مستقبل اورپر امن پاکستان کے لئے دہشتگردوں کے خلاف نبرد آزماہونے والی پاک فوج نے شمالی وزیر ستان سےدہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے اس آپریشن  کے  دوران پاک فوج نے اب تک دوہزار 8 سو دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔ 800  سے زائد  بہادر جوان ایسے بھی ہیں جو دشمن سے لڑتے ہوئے زخمی ہو ئے۔ پوری قوم آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے جوانوں اور افسران کی طرح آپریشن میں زخمی ہونے والے جوان کی مقروض ہے جو دہشتگردی کے خلاف لڑتےہوئے زخمی ہوئے۔ یہ پاک فوج ہی کی تربیت کا طرہ امتیاز ہے کہ اس نے آپریشن ضرب عضب میں زخمی ہونے والے قوم کے محسنوں کو تنہا نہیں چھوڑا اور ان کو دنیا کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی بحالی کے لئے جدید ترین ٹکینالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن میں زیر علاج  قوم کے ان بہادر بیٹوں کی  معذوری بھی انکے حوصلے پست نہ کر سکی اور یہ جوان اس معذوری کو پس پشت  ڈال کر دشمن کے خلاف اگلے موچوں پر لڑنے اور ان کو نیست ونابود کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔