Friday, April 19, 2024

آپریشن سندھ پر حملہ ہے تو پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل ہے کیونکہ رینجرز آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا: پرویز رشید

آپریشن سندھ پر حملہ ہے تو پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل ہے کیونکہ رینجرز آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا: پرویز رشید
December 24, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) رینجرز اختیارات کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے وفاق پر اعتراضات کے بعد ن لیگ کا ردِعمل بھی آگیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ رینجرز اختیارات کے معاملات پر پیپلزپارٹی کی تین میں سے پونے تین باتیں مان لی گئی ہیں جبکہ طلال چودھری کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو یقینا کوئی غلط فہمی ہوئی جسے بیٹھ کر دور کیا جائے تو بہتر ہو گا۔ رینجرز اختیارات میں کمی کی سمری مسترد ہونے پر پیپلزپارٹی وفاق پر برہم ہوئی تو سابق صدر آصف علی زرادی کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لئے لیگی رہنما بھی میدان میں آگئے اور ایک بار پھر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے خلاف وفاق کے اقدامات کو حملہ کہنا درست نہیں۔ آپریشن سندھ پر حملہ ہے تو پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل ہے کیونکہ رینجرز آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا تھا۔ پرویزرشید نے پیپلزپارٹی کےاعتراضات کو بے وجہ قراردیا۔ ن لیگ کے رہنما طلال چودھری نے بھی پارٹی مؤقف واضح کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، بیان بازی کی بجائے بیٹھ کر بات کرنی چاہئے۔ طلال چودھری نے وزیر داخلہ چودھری نثار کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ ان کے تمام اقدامات امن امان کی بہتری کے لئے ہیں، اس کو محاذ آرائی کیلئے ایشو نہ بنایا جائے۔