Monday, September 16, 2024

آپریشن ردالفساد کے جلد مثبت نتائج سامنے آ ئیں گے :ڈی جی آئی ایس پی آر

آپریشن ردالفساد کے جلد مثبت نتائج سامنے آ ئیں گے :ڈی جی آئی ایس پی آر
April 5, 2017
لندن (92نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سہولت کاروں اور دہشت گردوں کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن ردالفساد کے جلد مثبت نتائج سامنے آ ئیں گے، پاناما کیس میں  عدالت کا جو بھی فیصلہ آیا فوج سب کو قبول ہو گا ۔ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اسلامی ممالک کی سربراہی کا معاملہ فائنل ہو چکا ہے تاہم پاکستانی فوج کے دستے سعودی عرب سے باہر نہیں جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن  عباس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کئی اہم ایشوز پر بات چیت کی ۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ۔ اس سلسلے میں مدرسوں اور تعلیمی اداروں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے جبکہ مدرسوں کے بارے میں ریفارمز پر کام جاری ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا فوج سمیت سبھی کو قبول ہوگا ۔ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اسلامی اتحاد کی فوج کی سربراہی کے بارے میں اُن کا کہنا تھا فائنل فیصلہ ہو چکا ہے راحیل شریف سربراہی کریں گے تاہم پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب سے باہر نہیں جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے دہشت گردوں کو شکست دی ۔ دہشت گردوں کو اُن کے ٹھکانوں سے نکال کر مارا جائے گا۔ دہشت گرد اب اپنے آخری حربے استعمال کر رہے ہیں ۔شروع میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ نہیں تھی طالبان کو خود بنایا گیا اور پاکستان کو روس کے خلاف استعمال کیا گیا ۔امریکہ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا ۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آرمی چیف کا حالیہ دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا ہے ۔آرمی چیف نے برطانیہ کو پاکستان کے کئی تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دیگر قومی سیاست دانوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔