Friday, April 19, 2024

آپریشن ردالفساد کسی خاص نسل یا فرقے کے خلاف نہیں: آرمی چیف

آپریشن ردالفساد کسی خاص نسل یا فرقے کے خلاف نہیں: آرمی چیف
March 9, 2017
راولپنڈی(92نیوز)آرمی چیف  قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ردالفساد آپریشن کسی خاص نسل ،فرقے یا گروپ کے نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف ہے ،کورکمانڈر کانفرنس میں  پاک افغان سرحدی امور، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ ، آپریشن ردالفساد ، فوجی عدالتوں، ڈان لیکس اور مردم شماری کے معاملات پر غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک، اندرونی سلامتی اور پاک افغان سرحدی صورتحال ، لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی بھارتی خلاف ورزی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں آپریشن رد الفساد  پرغور کیا گیا ،کانفرنس میں چھٹی مردم وخانہ شماری میں پاک فوج کی مدد سے متعلق معاملات  اور ڈان لیکس کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں  فوجی عدالتوں کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار  کیا گیا ،ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈرزکانفرنس کے شرکا کو حکومت سے ہونے والی سکیورٹی کانفرنس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جس میں پاک افغان بارڈر پر کار دار تار کی تنصیب، افغان مہاجرین کی واپسی، جوڈیشل، پولیس اور مدرسہ ریفارمز سمیت دیگر اہم امور شامل تھے۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد وسیع پیمانے پر کیا جانے والا آپریشن ہے جو کسی خاص نسل، فرقے یا گروپ کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مردم شماری کو قومی خدمت کے جذبہ کے طور پر انجام دے گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے کہا کہ دشمن کے مذموم مقاصد کو قوم کے ساتھ مل کر شکست دیںگے، عوام اور مسلح افوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔  آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکا کو اپنے حالیہ دورہ قطر اور متحدہ عرب امارات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔